نئے صوبوں کا قیام ملک کی بہتر انتظامی، معاشی و سماجی ترقی کیلئے ضروری ہے، وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام ملک کی بہتر انتظامی، معاشی اور سماجی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ بڑے انتظامی یونٹس کی تقسیم سے حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مؤثر اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انتظامی ڈھانچے کو عوامی ضروریات کے مطابق بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے نہ صرف عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم ہوں گے بلکہ مقامی سطح پر روزگار، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامی تقسیم سے وسائل کی منصفانہ اور مؤثر تقسیم ممکن ہوگی اور دور دراز علاقوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے زیادہ بااختیار بنایا جا سکے گا۔

اس سے مقامی حکومتوں اور انتظامیہ کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فیصلہ سازی کا عمل مزید تیز ہو گا۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے علاقائی ترقی کے عمل میں توازن پیدا کیا جا سکتا ہے اور پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ خصوصاً قدرتی وسائل سے مالا مال علاقوں میں مقامی آبادی کو ترقی کے ثمرات پہنچانے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر انتظامی نظام ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں