بلوچستان کے نوجوان خصوصاً ہماری بیٹیاں بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں،ربابہ خان بلیدی

کوئٹہ : صوبائی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان خصوصاً ہماری بیٹیاں بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں، کھیل کے میدانوں میں ان کی کامیابیاں نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں۔ نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔
7ویں خواتین بلوچستان ووشو چیمپئن شپ 2026 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کھیل کے میدان نوجوانوں میں خوداعتمادی، نظم و ضبط، برداشت اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں نے مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں کھیل کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرکے بلوچستان کی ایک مثبت اور روشن تصویر دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ محکمہ ترقیِ نسواں خواتین اور بچیوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، صحت، خوداعتمادی اور معاشرے میں باوقار و فعال کردار کے لیے مؤثر اقدامات کررہا ہے۔
خواتین اور بچیوں کو کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقیِ نسواں کا مقصد خواتین اور بچیوں کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاسکیں۔ کھیلوں کی سرگرمیاں بچیوں میں خوداعتمادی، جسمانی صحت، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع میں مزید اضافہ ضروری ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ووشو کھلاڑیوں کی جانب سے پیش کیے گئے شاندار فنون اور کھیل کے مظاہرے دیکھے جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں میں گولڈ میڈلز بھی تقسیم کیے۔صوبائی مشیر نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، کوچز، کھلاڑیوں اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو بلوچستان کے نوجوانوں کے مستقبل روشن ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں