پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں لینڈ ریکارڈ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر شفاف اور تیز تر خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو ریونیو دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری اب گھر بیٹھے یا قریبی مرکز سے آفیشل ویب سائٹ، نادرا ای سہولت اور ‘دستک ایپ’ کے ذریعے اپنی زمین کی فرد حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا سے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد فرد کی فیس ون لنک یا ایزی پیسہ کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع کی جائے گی، جس کے بعد فرد صارف کے اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی اور کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے اس کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے اطمینان کی جانچ کے لیے ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک نظام بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت ریونیو خدمات حاصل کرنے والے شہریوں سے فون کر کے ان کی رائے ریکارڈ کی جائے گی۔
غیر مطمئن شہریوں کی شکایات براہ راست ڈپٹی کمشنر کے ڈیش بورڈ پر منتقل ہوں گی، اور اس فیڈ بیک کو اضلاع کی ماہانہ کارکردگی کے جائزے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ ان اصلاحات سے لینڈ ریکارڈ کے نظام پر عوامی اعتماد بحال ہوگا اور اراضی سے متعلق شکایات میں واضح کمی آئے گی۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے ڈیجیٹل اصلاحات کے اجراء میں اہم کردار ادا کرنے والے حکام کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔

