نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ اور جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی مسلسل کوششوں سے صومالیہ میں ہائی جیک بحری جہاز ایم وی آنر 25 کے 10 پاکستانی عملے میں سے 4 افراد بحفاظت بازیاب ہوگئے۔
اسحاق ڈار کے مطابق یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی کل کراچی پہنچیں گے، ان شاء اللہ، نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ایم وی آنر 25 کے حادثے میں جاں بحق 3 پاکستانیوں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کی میتیں پاکستان منتقل کی جارہی ہیں۔ جاں بحق پاکستانیوں کی میتوں کی جلد واپسی کے لیے تمام قانونی اور دیگر ضروری کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
اسحاق ڈار نے جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ باقی 3 پاکستانی عملے کے ارکان عمران علی، یاسین محمد اور سید یوسف حسین کپتان سمیت تاحال بحری جہاز پر موجود ہیں۔
نائب وزیراعظم کے مطابق باقی پاکستانی عملے کی بحفاظت بازیابی اور جلد پاکستان واپسی کے لیے دوست ممالک کے ساتھ فعال رابطہ کاری جاری ہے، وزارت خارجہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاملے پر مسلسل پیش رفت کی نگرانی اور تمام پاکستانی شہریوں کی جلد واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزارت خارجہ متاثرہ پاکستانی خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

