کوئٹہ +اسلام آباد،(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے اسلام آباد میں مختلف ٹی وی چینلز، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ سینئر صحافیوں کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صحافیوں کو درپیش مسائل، ملکی سیاسی صورتحال اور میڈیا کے کردار سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوامی ریلیف کے لیے مختلف سطحوں پر عملی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھی حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ پارلیمنٹ میں بھی صحافیوں اور میڈیا سے متعلق امور کے حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافی عوام اور حکمرانوں کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ میڈیا حکومتی اقدامات، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور مستقبل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ ملک کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔سیدال خان ناصر نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ مصدقہ اور حقائق پر مبنی خبروں کی اشاعت کو یقینی بنائیں اور جھوٹے پروپیگنڈے، غیر مصدقہ اطلاعات اور کسی فرد یا ادارے کے خلاف حقائق کے منافی مواد کی تشہیر سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے جہاں متعدد فوائد ہیں، وہیں اس کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کے منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسا مواد شیئر یا نشر نہ کرے جس سے کسی کی عزت، وقار یا ساکھ مجروح ہو۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت، مثبت تنقید اور حقائق پر مبنی معلومات کا فروغ معاشرے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

