کوئٹہ(این این آئی) معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ بوستان پولیس اسٹیشن کو جلائے یا تباہ کیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، دہشت گردوں نے تھانے پر حملہ کیا تاہم پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت اور مؤثر مزاحمت کے باعث تھانہ بوستان کی مرکزی عمارت محفوظ رہی، دہشت گردوں کی شدید فائرنگ کے باوجود پولیس اہلکار اپنی پوزیشنوں پر ڈٹے رہے اور آخری گولی تک مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو تھانے پر قبضہ کرنے سے روک دیا۔بابر یوسفزئی کے مطابق ضلعی پولیس پشین، اے ٹی ایف اور سی ٹی ڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی مدد کے لیے پیش قدمی کی، جس کے باعث دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔معاون برائے داخلہ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تاہم حملے کے دوران دو گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس دہشت گردی کے خلاف ثابت قدم ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

