چین کے قومی دن پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی چینی قیادت،عوام کو مبارکباد

کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر صدر شی جن پنگ، چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چین کی مزید ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ایک منفرد اور دیرینہ رشتہ ہے، جو ہر بدلتے ہوئے حالات میں مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کا سال دونوں ممالک کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور اس موقع پر باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی تجدید کی جا رہی ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تجارت، معیشت، دفاع، ٹیکنالوجی، توانائی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں تک پھیل چکے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو پاک چین تعاون کا اہم مظہر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کے اگلے مرحلے سے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار اور علاقائی رابطوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک چین کے اصول کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے اور چین کی مسلسل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی آنے والی نسلوں تک مزید مضبوط اور مستحکم انداز میں آگے بڑھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں