طلبا میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی تقسیم کا اعلان کردیا گیا ، یہ تقسیم اکتوبر اور نومبر کے مہینوں کے دوران کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے صوبے کی تمام 9 ڈویژنز کے طلبہ و طالبات میں ‘ہونہار اسکولرشپس’ اور لیپ ٹاپس کی تقسیم کا حتمی شیڈول جاری کر دیا۔
پنجاب کے صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا یہ تقسیم اکتوبر اور نومبر کے مہینوں کے دوران کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 15 اکتوبر کو یونیورسٹی آف ساہیوال میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں اسکولرشپس اور لیپ ٹاپس تقسیم کریں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال کی تقریب کے بعد آنے والے چند ہفتوں کے اندر اندر صوبے کی تمام 9 ڈویژنز میں اسی نوعیت کی تقاریب منعقد کی جائیں گی، جہاں بالترتیب دیگر اضلاع کے طلبہ کو اس اسکیم کے تحت مستفید کیا جائے گا۔
وزیرِ تعلیم نے اس اہم فیصلے کو پنجاب کے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت مقررہ وقت کے اندر تمام ڈویژنز میں تقسیم کا عمل کامیابی سے مکمل کر لے گی۔

