ریاض: سعودی عرب کے علاقے نجران میں تکنیکی خرابی کے باعث ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے دونوں ارکان ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے بیان میں بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر اے ایچ سکس آئی ماڈل کا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر نجران کے اس علاقے میں گرا جو سعودی نیشنل گارڈ کی وزارت کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
حادثے میں عملے کے دونوں ارکان جان کی بازی ہار گئے۔ فراہم کردہ بیان میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور حادثے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب حوثی باغیوں کی طرف سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو انہوں نے نشانہ بنایا ہے۔

