کراچی کے 9 ٹاؤنز میں جماعت اسلامی کے ترقیاتی کام گیم چینجر ثابت ہورہے ہیں، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاونز کے ترقیاتی کام گیم چینجر ثابت ہورہے ہیں۔
کراچی کے گلبرگ ٹاؤن میں ابوتراب گورنمنٹ اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ کا بجٹ چند ہاتھوں کو مضبوط کررہا ہے جبکہ پنجاب کی وزیراعلیٰ گیارہ ارب کا جہاز خرید کر گھوم رہی ہیں، قوم کی تعمیر سیاست دانوں کی ترجیح نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین ہیں وہاں ترقیاتی کام ہورہا ہے، ہم اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں، کچرا اٹھانے کا اختیار ٹاؤن کے پاس نہیں ہے، شہرکا نصف حصہ پینے کے پانی سے محروم ہے، ہم بلدیاتی اختیارات کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں تعلیم اور ٹرانسپورٹ کی صورتحال خراب ہے، کل ہم 9 پوائنٹس بسیں کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے حوالے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابوتراب اسکول کے بچوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں، جماعت اسلامی سرکاری اسکولوں میں جدید تعلیم کا نظام لیکر آرہی ہے، ہمارے نئے تزئین و آرائش کے بعد انرولمنٹ بڑھ رہی ہے، گلبرگ ٹاؤن دس ہزار تعلیمی کارڈ جاری کریگا، پورے کراچی میں تعلیمی کارڈ متعارف کروائیں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ سندھ کے اکتالیس ہزار اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، 78 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، یہ سندھ حکومت کی اٹھارہ سالہ کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ سے ملک کے 150 مقامات پر پیٹرولیم لیوی کیخلاف دھرنوں کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں