اوتھل: قومی شاہراہ پر مسافر ویگن اور کوچ میں تصادم، 12 افراد جاں بحق، 22 زخمی، متعدد کراچی منتقل

لسبیلہ(رپورٹ حفیظ دانش) لسبیلہ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں قومی شاہراہ زیرو پوائنٹ کے مقام پر مسافر ویگن اور مسافر کوچ کے درمیان المناک تصادم جس کے نتیجے میں ریسکیو ذرائع کے مطابق 12 افراد جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 7 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی مرد اور خواتین شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف ریسکیو اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کیا گیا، جبکہ بعض زخمیوں کو مرک سینٹر وندر منتقل کیا گیا۔ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ہاشمی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل اویس واجد، ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی، ایدھی انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی، ایل ڈبلیو ٹی کے انچارج رمضان جاموٹ، ریسکیو 1122، مرک 1122 وندر، مرک لیاری اور اوتھل پولیس کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے بعض افراد کی شناخت نوراللہ، شریف، فضل کریم، حبیب اللہ، ارشد سباکی اور خیر بی بی سمیت دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق ویگن کراچی سے بیلہ جبکہ مسافر کوچ کراچی کی جانب سفر کر رہی تھی کہ اوتھل قومی شاہراہ کے زیرو پوائنٹ پر دونوں گاڑیاں حادثے کا شکار ہوگئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں افسوس ناک صورت حال پیدا ہوگئی، جبکہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور انہیں ہسپتالوں تک پہنچانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں