بلوچستان میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس فعال

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں صحت کی سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس نے کام شروع کردیا ہے، جس کے ساتھ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو طبی مشاورت اور معاونت کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ٹیلی میڈیسن سروس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ڈیسک پر تعینات طبی ماہرین سے اچانک رابطہ کیا اور سروس کے طریقہ کار، شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور عوامی رسائی سے متعلق تفصیلات دریافت کیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے طبی ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیلی میڈیسن سروس کے ذریعے شہریوں کو طبی مشاورت فراہم کرنے کے عمل کا جائزہ لیا اور مرکزی ڈیسک پر تعینات عملے کی مستعدی اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔ ٹیلی میڈیسن سروس کا آغاز بلوچستان کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو معمولی طبی مشاورت کے لیے بھی طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث انہیں وقت، اخراجات اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹیلی میڈیسن سروس کے ذریعے ان مشکلات میں کمی لانے اور شہریوں کو ڈیجیٹل نظام کے تحت طبی ماہرین سے مشاورت کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی میں دور دراز علاقوں کے عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے طبی مشاورت کو عوام کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ جغرافیائی فاصلے معیاری طبی رہنمائی کے حصول میں رکاوٹ نہ بنیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے نظام میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بھی جدید سہولیات میسر آئیں اور انہیں علاج و معالجے سے متعلق رہنمائی کے حصول کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں