تربت،ٹریفک روانی بہتر بنانے شہری نظم و ضبط برقرار،عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی

تربت(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ کی سربراہی میں سبزی منڈی کی تربت شہر سے مضافاتی علاقے سری کہن منتقلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی محبوب علی، ایگریکلچر آفیسر چاکر علی، ایس ڈی او واپڈا عبدالحلیم، سینیٹری انسپکٹر حبیب جالب، سبزی منڈی کے دکاندار غلام رسول اور فضل الرحمن، انجمن تاجران کیچ کے حاجی کریم بخش اور ایس آئی آسمی بجار سمیت دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ نے کہا کہ سری کہن میں میونسپل کارپوریشن تربت کی جانب سے سبزی منڈی کی عمارت تیار کرلی گئی ہے لہٰذا تربت شہر میں قائم تمام سبزی منڈیوں کے مالکان اپنی دکانیں اور کاروبار جلد از جلد نئی سبزی منڈی سری کہن منتقل کریں۔انہوں نے کہا کہ تربت شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے اور بڑے مال بردار گاڑیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے کے لیے شہر میں بڑی گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس سلسلے میں سبزی منڈی کی منتقلی ناگزیر ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہری مسائل کو بھی مؤثر انداز میں حل کیا جاسکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سبزی منڈی کی منتقلی کی اہمیت پر زور دیا اور دکانداروں پر واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک کی بہتری اور انتظامی امور کو مؤثر بنانے کے لیے نئی سبزی منڈی کو فعال کرنا ضروری ہے۔اجلاس کے دوران سبزی منڈی کے دکانداروں کے نمائندوں نے بھی اپنے مؤقف کا اظہار کیا انہوں نے منتقلی کے انتظامات مکمل کرنے اور کاروباری معاملات کو نئی جگہ منتقل کرنے کے لیے انتظامیہ سے چھ ماہ کی مہلت طلب کی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور سبزی منڈی کو تربت شہر سے سری کہن منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔اجلاس میں انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں کو سبزی منڈی کی منتقلی کے لیے چھ ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا انتظامیہ نے واضح کیا کہ مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تربت شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے شہری نظم و ضبط برقرار رکھنے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے جبکہ متعلقہ ادارے اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں