کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے وشبود سے تعلق رکھنے والی کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر گل سمین میروانی نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ینگ کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ایوارڈ حاصل کیا ہے انہیں یہ اعزاز آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 12 سے 15 اکتوبر 2026ء تک منعقد ہونے والی 29ویں ایشیا اینڈ اوشیانا کانگریس آف آبسٹیٹرکس اینڈ گائناکالوجی (AOFOG) کے موقع پر دیا گیا۔ڈاکٹر گل سمین میروانی نے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (QIMS) سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی جہاں انہوں نے امراضِ نسواں و زچگی کے مضمون میں امتیازی پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کے تحت گائناکالوجی اینڈ آبسٹیٹرکس میں ایف سی پی ایس (FCPS) مکمل کیا ان کی تخصصی تربیت میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC)، کراچی، اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال (BMCH)، کوئٹہ شامل ہیں۔یہ اعزاز ڈاکٹر گل سمین میروانی کی پیشہ ورانہ قابلیت، محنت اور لگن کا اعتراف ہے اور پنجگور، مکران ڈویژن اور پورے بلوچستان کے لیے باعثِ فخر ہے ان کی کامیابی بالخصوص نوجوان ڈاکٹروں اور میڈیکل کی طالبات کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔خواتین کی صحت، محفوظ زچگی اور معیاری طبی سہولیات کے فروغ میں ماہر امراضِ نسواں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ڈاکٹر گل سمین میروانی کی یہ کامیابی بلوچستان کے طبی شعبے میں موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔اس موقع پر سوسائٹی آف آبسٹیٹریشینز اینڈ گائناکالوجسٹس آف پاکستان (SOGP) کی صدر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کی جانب سے ڈاکٹر گل سمین میروانی کو ادارے کی طرف سے سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر گل سمین میروانی کی یہ کامیابی نہ صرف پنجگور اور مکران بلکہ پورے بلوچستان کے لیے باعثِ افتخار اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

