صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے، مرزا اعزاز بیگ

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئرمرزااعزازبیگ کی زیر نگرانی صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے آن لائن کچہری کاانعقادکیاگیا۔جس میں کیسکوکے چیف انجینئر (کسٹمرسروسز)سید مطاہر حسین مشہدی،سپرنٹنڈنگ انجینئر(سینٹرل) سرکل عبدالناصر مندوخیل سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔آن لائن کچہری میں کوئٹہ شہرسمیت صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز کے مختلف علاقوں سے صارفین نے فون پر رابطہ کرکے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو کو اپنے علاقوں کی بجلی سے متعلق مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔جس کے ازالے کیلئے انھوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئرمرزااعزازبیگ نے آن لائن کچہری میں صارفین سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کیلئے کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز میں آن لائن کچہری کااانعقاد کیاجاتاہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ صارف کوحاصل ہوتاہے کیونکہ اس اقدام سے صارف کا مسئلہ کم سے کم وقت میں حل کیاجاسکتاہے۔اسکے علاوہ انہوں نے فون پر رابطہ کرنے والے تمام صارفین سے گزارش کی کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی جمع کروائیں۔اسکے علاوہ تمام صارفین اپنے اردگرد بجلی کے غیرقانونی استعمال کرنے والے بجلی چوروں کی نشاندہی کرنے میں بھی کیسکوسے تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں