کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل سے بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسیایشن الائنس کے ایک وفد نے ملک رشید کاکڑ، محمد نواز پندرانی کی قیادت میں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی وفد میں الحاج سلیم ناصر،لیاقت علی ہزارہ، قاری زیب الرحمٰن کاکڑ،حافظ نعمت اللہ خان، عبدالظاہر خان کاکڑ، جمیل احمد مشوانی، میر بہادر خان لانگو، میر موسیٰ لانگو، حاجی عظمت اللہ خان کاکڑاور دیگر اراکین شامل تھے۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل کو بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس کے وفد نے ر صوبے کے نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، قانونی تحفظ اور فروغِ تعلیم کے حوالے سے پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔وفد نے گورنر بتایا کہ ڈی سی کوئٹہ ویسٹ نے تین ماہ کی اسکول فیسوں سے متعلق جواعلان کیا ہے اس بارے میں پرائیویٹ اسکولوں میں تشویش پائی جاتی ہے لہذا فیسوں سے متعلق معاملات متعلقہ قوانین اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کئے جائیں،نجی تعلیمی اداروں کے تحفظ، مسائل کے حل اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ضروری قانونی ترامیم لائی جائیں،الائنس کو تمام متعلقہ تعلیمی کمیٹیوں اور پالیسی سازی کے فورمز میں نمائندگی دی جائے تاکہ نجی شعبے کی تجاویز فیصلہ سازی میں شامل ہوں،بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن نجی تعلیمی اداروں کے لیے مالی معاونت بحال کرے اور مستحق اداروں کو امدادی فنڈز فراہم کی جائے،صوبائی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں نجی تعلیمی اداروں کی ترقی اور تعلیمی سہولیات کے لیے مناسب فنڈز مختص کئے جائیں تاکہ نجی تعلیمی اداورں کے مسائل حل کرنے میں مددمل سکے۔ گورنر بلوچستان نے وفد کے مطالبات توجہ سے سنے اور مثبت ردِعمل کا اظہار کیا۔ موقع پر ہی الائنس کی جانب سے پیش کردہ خط پر دستخط کرکے مزید کارروائی کے لیے اپنے سیکریٹری کو ارسال کردیاجس پر بلوچستان پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن الائنس کے وفد نے گورنر بلوچستان کا شکریہ اد اکیا۔

