کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبے سے سردار نظام کے خاتمے اور نواب،سردار لفظ بولنے اور لکھنے سے متعلق قرارداد جمع، (آج)جمعرات کو اجلاس میں پیش کی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس (آج)جمعرات کی صبح 11بجے ہوگا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن قومی شاہراہوں پر حادثات کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گے۔ اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچستان میں فوری طور پر سرداری نظام کے خاتمے اور بلوچستان میں سردار اور نواب لفظ بولنے اور لکھنے پر پابندی عائد کرنے، جمعیت علما ء اسلام کے رکن میر زابد علی ریکی دالی تا ماشکیل اور دالی تا بسیمہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے اقدامات،جمعیت علماء اسلام کی رکن شاہد رؤف بلوچستان کے تمام سرکاری اسکولوں میں عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کروانے جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر علی ترین ضلع پشین میں موجود جامعہ بلوچستان کے سب کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے کی الگ،الگ قراردادیں پیش کریں گے۔ اجلاس میں میر غلام قادر بگٹی اسکول آف ایکسیلینس نارتھ ڈیرہ بگٹی کا مسودہ قانون پیش کیاجائے گا۔ اجلاس میں محکمہ وویمن ڈوپلمنٹ اور محکمہ توانائی سے متعلق سوالات دریافت اور انکے جوابات دئیے جائیں گے۔

