بلوچستان میں گورنر راج کی حمایت نہیں کریں گے،سینیٹر مولاناعبدالواسع

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علما اسلام ف بلوچستان کے امیر سینیٹر مولاناعبدالواسع نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کو مسترد کرتے پورے ملک میں صاف شفاف عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان میں گورنر راج کی حمایت نہیں کریں گے،اس سے بہتر عام انتخابات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کیا۔جمعیت علما اسلام (ف)بلوچستان کے امیر سینیٹر مولاناعبدالواسع نے کہا کہ موجودہ حکومت کو دونمبرجمہوریت بھی برداشت نہیں ہے، انہوں نے دو نمبرجمہوریت پر شب خون مار کرکے پی میں گورنر راج نافذ کیا کے پی کے میں گورنر راج اورایمرجنسی وہاں کی معدنیات حاصل کرنے کیلئے لگائی گئی۔مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کے اپنے لوگوں نے اسے ہٹانے کیلئے ایک سال مہم چلائی ہم نے سرفراز بگٹی کیخلاف مہم کا حصہ نہیں بنے اس لئے سرفرازبگٹی جمعیت علماء اسلام کیخلاف بیان بازی کا حصہ نہ بنیں۔سینیٹرمولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ کنٹینر پرکھڑے ہوکرڈیزل ڈیزل کہنے والا آج قائد جمعیت کو یاد کررہا ہے۔سینیٹرمولانا عبدالواسع کا کہناتھا کہ چاروں صوبوں میں صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں، اگرباقی ملک میں انتخابات نہیں کرائے جاسکتے توبلوچستان میں ضرورکرائے جائیں۔مولاناعبدالواسع کا کہنا تھا کہ 17 سے 25 نومبرتک عوام میں بیداری کیلئے اضلاع کی سطح پر مہم شروع کی جائے گی،مولاناعبدالواسع نے مطالبہ کیا کہ چمن،تفتان، گوادراور کیچ بارڈر کو فوری طورپر کھولا جائے، مائنز اینڈ منرلز اور مدارس بل کو اسمبلی میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں