کوئٹہ میں گیس لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشیداحمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشیداحمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے کہاہے کہ کوئٹہ میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ بالخصوص نمازِ فجر کے وقت گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ طلبہ اور مدارس و اسکولوں کے بچے صبح ناشتے کے بغیر تعلیمی اداروں میں جانے پر مجبور ہیں جبکہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے اور دیگر امورِ خانہ داری کی انجام دہی میں بھی سخت دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوچکی ہیں جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے متبادل ایندھن کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ ایسے حالات میں موسمِ سرما کے دوران گیس کی بدترین اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ خاص کر دن کے اوقات میں گیس کی بندش کسی صورت قابلِ قبول نہیں انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام عوام کی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں بالخصوص صبح سویرے اور کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی بحال رکھی جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں