قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن ملکی سیاست کے محور اور سچے رہنماء ہیں، میر یونس عزیز زہری

خضدار(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن سیاست کے سرخیل ہیں، ملک کی سیاست میں ان جیسا مدبر، زیرک اور تجربہ کار رہنما موجود نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے ہر مشکل مرحلے پر ملک کا ساتھ دیا ہے۔ جب بھی ملک میں سیاسی بحران آیا، جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوا یا آئین پر آنچ آئی، مولانا نے ہمیشہ ملک کی خاطر ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ آج مولانا فضل الرحمن پر جو بے جا تنقید کی جا رہی ہے وہ بے حد تشویشناک ہے۔ تنقید کرنے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ وہی قائد ہے جس نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے سب سے طویل جدوجہد کی ہے اور ہر چیلنج کے سامنے ڈٹ کر کھڑا رہا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ مفاہمت اور مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھا ہے۔ انہوں نے ملک کو انتشار سے بچانے کے لیے ہمیشہ سیاسی قوتوں کو ایک میز پر بٹھانے کی کوشش کی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج تمام سیاسی جماعتیں ان کی سیاسی بصیرت کو تسلیم کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) سے اپنا سیاسی گلہ ضرور رکھتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام نے ہر مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کا غیر مشروط ساتھ دیا، اپوزیشن کے سخت ترین دور میں بھی ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، ان کے مشکلات کو اپنا مشکل تصور کیا ان کیلئے آسانیاں پیدا کی۔ تاہم آج سب سے زیادہ جمہوریت کو نقص پہنچانے میں مسلم لیگ ن سر فہرست ہے اور مولانا فضل الرحمان کا حقیقت پر مبنی موقف ان پر بھاری ثابت ہورہا ہے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک لاکھوں چاہنے والے اور کارکنان موجود ہیں۔ ان کی سیاست علاقائی نہیں بلکہ قومی اور ملکی سیاست ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے ہر مشکل مرحلے پر ملک کے وقار اور جمہوری تسلسل کا ساتھ دیا ہے۔ وہ وہ واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نکالنے کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا اور ذاتی رنجشوں کو قومی مفاد پر قربان کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو جس سیاسی حکمت اور تدبر کی ضرورت ہے وہ صرف مولانا فضل الرحمن کے پاس ہے۔ سیاستدانوں کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر ملک کی سیاست کو کیسے آگے بڑھایا جاتا ہے۔میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرنے والے دراصل ملک میں مستحکم سیاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ ملک میں ایک مضبوط اور تجربہ کار قیادت موجود رہے جو ہر بحران میں قوم کی رہنمائی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان اپنے قائد مولانا فضل الرحمن کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ ہم ہر فورم پر ان کے بیانیے کا دفاع کریں گے اور انشاء اللہ آنے والے وقت میں ثابت ہوگا کہ مولانا فضل الرحمن ہی کے طرز سیاست میں ملکی مسائل کا حل پوشیدہ ہے اور مولانا فضل الرحمان ہی ملک کی سیاست کا اصل محور ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں