شاہراہوں پرلوٹ مار،بارڈرزبندش سے حالات خراب ہرگھروخاندان بری طرح متاثر،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو سیاسی کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے بجائے صوبے میں امن و امان کی بحالی، جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دینی چاہیے۔ بلوچستان میں بدامنی عروج پر ہے، لوگ لاپتہ ہو رہے ہیں اور شاہراہیں بند ہیں، لاتعلق لوگ لاپتہ ہورہے ہیں ایسے حالات میں عوامی مسائل اور مشکلات پر آواز اٹھانا سیاسی جماعتوں اور کارکنان کا جمہوری حق ہے، اگر سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے خلاف جمہوری احتجاج اور مزاحمت نہیں کریں گی تو پھر کون کرے گا؟ جماعت اسلامی پرامن جمہوری جدوجہد کرنے والے سیاسی کارکنان کے خلاف ناجائز مقدمات کے اندراج اور ان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی مذمت کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقت سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کے قیام، جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور فورتھ شیڈول میں شامل سیاسی کارکنان کے نام نکالنے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ جمیل رند بھی موجود تھے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ سیاسی کارکنان کو دباؤ میں لانے کے بجائے ان کے تحفظات دور کیے جائیں اور آئین و قانون کے مطابق شہریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنائے جائیں۔ پرامن سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عوام میں بے چینی بڑھے گی، اس لیے ضروری ہے کہ تمام معاملات افہام و تفہیم اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ جبری گمشدگیوں کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور سیاسی کارکنان کو فورتھ شیڈول سے نکالنے کے معاملے پر فوری پیش رفت کی جائے۔سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقت نے ان امور پر ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں