حب( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری کی تعلیم دوست سوچ، عوامی خدمت کے جذبے اور ترقیاتی وژن کے تحت حب اور ڈویژن لسبیلہ کے پہلے کیڈٹ کالج کے ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ حب کے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور معیاری تعلیم کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ حب کی سیاست پر طویل عرصے سے اثرانداز رہنے والے بھوتانی برادران کے لیے کیڈٹ کالج کا منصوبہ ایک اہم سیاسی سوال ہے کہ اگر عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی اولین ترجیح تھی تو معیاری تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے ماضی میں مؤثر اقدامات کیوں نہ کیے گئے؟ آج میر علی حسن زہری کی کاوشوں سے اس اہم منصوبے کا آغاز اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ عوام محض دعوے نہیں، بلکہ عملی ترقی اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ٹھوس اقدامات چاہتے ہیں۔ کیڈٹ کالج حب کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، نظم و ضبط، خود اعتمادی، کردار سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ادارہ مستقبل میں طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم اور مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں آگے بڑھنے کی مضبوط بنیاد بن سکتا ہے۔ اس کے ثمرات نہ صرف طلبہ بلکہ ان کے خاندانوں اور پورے معاشرے تک پہنچنے کی امید ہے۔ میر علی حسن زہری کی تعلیم دوست سوچ اس حقیقت کی عکاس ہے کہ حقیقی ترقی صرف سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کا نام نہیں، بلکہ نوجوان نسل کو علم، شعور اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ حب جیسے اہم صنعتی و تجارتی علاقے میں معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔ عوامی نمائندگی کا اصل مقصد عوام کے مسائل حل کرنا، نئی نسل کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ کیڈٹ کالج حب کے ترقیاتی کام کا آغاز اسی سمت ایک اہم قدم ہے۔ تاہم منصوبے کی حقیقی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ تعمیراتی کام شفافیت اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہو، جبکہ کالج کے فعال ہونے پر قابل اساتذہ، جدید سہولیات اور معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے۔ 47 سالہ سیاسی دعوؤں کے مقابلے میں تعلیم و ترقی کی یہ پیش رفت ایک واضح پیغام ہے کہ علاقے کا روشن مستقبل معیاری تعلیم اور عملی اقدامات سے وابستہ ہے۔ میر علی حسن زہری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ہے کہ کیڈٹ کالج حب کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور حب و لسبیلہ کے نوجوانوں کے لیے تعلیم کے نئے دروازے کھولے گا۔حب کی عوام کو کیڈٹ کالج کا تحفہ مبارک ہو!۔تعلیم کی بنیاد، ترقی کی ضمانت، روشن مستقبل کی نوید! ترقی یافتہ حب، خوشحال حب!

