بلوچستان کی شاہراؤں پر مسافروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، محفوظ آمدورفت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر مسافر کوچز، ٹرانسپورٹ عملے اور عام شہریوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اور مربوط سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔ شہریوں کو اپنے روزگار، علاج، تعلیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے بلاخوف سفر کی سہولت ملنی چاہیے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کو زبردستی روکنا، شہریوں کو یرغمال بنانا یا اغوا کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی اور شہریوں کا تحفظ متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے کوچز اور مسافروں سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کی فوری تصدیق کرکے حقائق عوام کے سامنے لائیں، تاکہ اہلِ خانہ کی تشویش دور ہو اور غیرمصدقہ اطلاعات کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ کسی بھی مسافر کے لاپتا یا اغوا ہونے کی تصدیق کی صورت میں اس کی بحفاظت بازیابی کو فوری ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی سمیت بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر حساس مقامات کی نگرانی، مؤثر گشت اور فوری امدادی کارروائی کی صلاحیت بہتر بنائی جائے۔ ٹرانسپورٹرز اور سکیورٹی اداروں کے درمیان مستقل رابطے کا نظام قائم کیا جائے تاکہ کسی خطرے یا ہنگامی صورتِ حال میں بروقت مدد پہنچ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن اور محفوظ آمدورفت کا براہِ راست تعلق عوام کے روزگار، تجارت اور صوبے کی ترقی سے ہے۔ حکومت ایسی جامع حکمتِ عملی اختیار کرے جس سے شہریوں کا تحفظ بھی یقینی ہو اور معمول کی سفری و کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں