کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے وزیر اعلی سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ کام کرنے کاتجربہ اچھا نہیں رہا ہے بلوچستان میں ایف ڈبلیو او کی کارکردگی ناقص رہی ہے بلوچ قوم پرستی کی بات کرنے والے لوگ صوبے میں پل گرا رہے ہیں سڑکیں تباہ کررہے ہیں ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔بلوچستان کے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھاکہ این ایچ اے بلوچستان میں کام نہیں کررہا ہے، این ایچ اے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بلوچستان نہیں آتے ہیں۔ ڈاکٹر مالک بلوچ کے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال تھا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ایک آرگنائز ادارہ ہے وہ کوالٹی کی بات کرتے ہیں ہم نے انہیں بغیر ٹینڈر کے پروجیکٹس دئیے لیکن میرے علاقے میں ناقص سٹرک بنائی جسے بعد میں ہمیں خود درست کرنا پڑا،وزیراعلی سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایف ڈبلیو او والے پروجیکٹس لے کر پیٹی ٹھیکیداروں کو دے دیتے ہیں اور وہ پیٹی ٹھیکیدار کام نہیں کرتے ہیں یہ پورا ایوان متفقہ ہے کہ ایف ڈبلیو او کو جو پروجیکٹس دئیے گئے تھے وہ اس میں کام کرنے میں بری طرح فیل ہوگئے ہیں۔وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبے عام بلوچستانی کے لئے ہیں ان پر حملے کرنے والوں،پل گرانے والوں اور سڑکیں تباہ کرنے والے بلوچوں کے خیر خواہ نہیں ہیں وہ صوبے کو لاحاصل جنگ میں ڈال رہے ہیں۔

