وزیراعلیٰ پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے 10 بڑے اعلانات

لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے 10 بڑے اعلانات کردیے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے صوبہ بھر سے چھوٹے، درمیانے اور بڑے کاشتکار نمائندوں کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کاشتکاروں کی تجاویز اورسفارشات پر بتدریج عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔ کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے 10 بڑے اعلانات کیے ہیں جس میں کسان بینک، زیرو مارک اپ پر قرض، گندم کے امدادی نرخ، کسان کارڈ، پانی چوری سے بچاؤ، نہروں کی بھل صفائی، زیتون کی کاشت کا خصوصی پیکیج شامل ہے۔

پنجاب میں کاشتکاروں کیلئے پہلا ”اپنا کسان بینک“ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کیلئے ایک کروڑ تک لون پر زیرو مارک اپ کا اعلان کیا، کاشتکاروں کیلئے تین کروڑ لون پر دو فیصد اور پانچ کروڑ لون پر پانچ فیصد انٹرسٹ لینے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا گندم کے امدادی نرخ 4500 روپے پر خریداری کیلئے عملدرآمد یقینی بنانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کسان کارڈ پر فی ایکڑ لون میں 3500 روپے اضافے کا اعلان کیا اورکسان کارڈ پر کاشتکار کو 30 ہزار فی ایکڑ سے بڑھا کر 33500 کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں پانی چوری کیخلاف مہم جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نہروں کی بھل صفائی کیلئے اقدامات کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیتون کی کاشت کیلئے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکار بھائیوں سے اسموگ کے خاتمے کیلئے فصلوں کی باقیات نہ جلانے کیلئے معاونت کی اپیل بھی کی، مریم نواز شریف نے کسان بھائیوں کیساتھ ملکر سالگرہ کا کیک کاٹا۔ کاشتکار بھائیوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

کاشتکاروں نے کسان کارڈ کو زراعت کے فروغ کیلئے ریڑھ کی ہڈی اور پنجاب حکومت کے زراعت کے فروغ کیلئے اقدامات کو گیم چینجرقرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں