کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔اپنے پیغام میں سیدال خان ناصر نے کہا کہ 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی قربانیوں، مشکلات اور بنیادی حقوق کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پْرامن حل کی ذمہ داری کا احساس دلانے کا بھی اہم موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی، انصاف اور بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق خدشات کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

