پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات میں عوام کو ریلیف دینے پر اتفاق

اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان وفد کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس پہنچ گئے۔

جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ اور امیرجماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا شامل تھے۔

حکومتی وفد میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینیٹررانا ثناء اللہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرمملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی شامل تھے۔

ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ریلیف کیلیے مذاکرات جاری رہیں گے مگر پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک مارچ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی پہلے ہی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دے چکی ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور ملاقات کی دعوت کے بعد مارچ مؤخر کردیا گیا تھا۔

اب مجوزہ ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف اور لیوی کے معاملے پر حکومت کے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں