کوئٹہ(این این آئی) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے خضدار کے علاقے کرخ میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ پولیس اور ایف سی نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اور ایف سی کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مربوط کوششیں اور مؤثر کارروائیاں ناگزیر ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ پولیس اور ایف سی نے کارروائی کے ذریعے امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صوبے میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک مربوط اقدامات اور مؤثر کارروائیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔

