اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونایزیشن میں ہیلتھ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا آفتتاح کردیا۔
وزارت صحت نے عوامی شکایات کے حل کیلئے ہیلپ لائن نمبر 1166 متعارف کرادیا، اسلام آباد کےشہری وزارت صحت اور اس کے تمام ماتحت اداروں سے متعلق شکایات براہِ راست کال کے ذریعے درج کرا سکیں گے، شہریوں کو اب اپنی شکایت درج کرانے کیلئے مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
عوامی شکایات خودکار نظام کے تحت متعلقہ افسر یا محکمہ صحت کو بھجوائی جائیں گی، شکایت پر کارروائی سے لے کر مسئلے کے حل تک تمام مراحل کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہوگی، ہر شکایت کی ذمہ دار افسر کو منتقلی اور اس پر ہونے والی پیش رفت کا ریکارڈ رکھا جائے گا، اس مقصد کے لیے ایک مرکزی ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیرِ صحت شکایات اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ اپنے آفس میں بیٹھ کر ڈیش بورڈ پر دیکھ سکیں گے، مرکزی ڈیش بورڈ سے مختلف علاقوں میں درپیش بیماریوں اور صحت کے مسائل کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
ہر شکایت کے ازالے کے لیے متعلقہ اسپتال میں نامزد ذمہ دار افسر مقرر کیا جائے گا، نئے نظام کے ذریعے اسپتالوں کی شکایات کا مرکزی اور قابلِ سراغ ریکارڈ مرتب ہوگا، وزارتِ صحت کو اسپتالوں میں شہری شکایات اور سروس ڈلیوری کی براہِ راست نگرانی میں مدد ملے گی۔

