زمین کی جانب بڑھنے والے خطرناک سیارچوں کا راستہ تبدیل کرنے کے لیے جوہری دھماکے کا استعمال ممکنہ حل بن سکتا ہے۔تاہم، نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اس طریقے کی کامیابی کا انحصار اس بات پر بھی ہوگا کہ دھماکے کی توانائی سیارچوں کے کس حصے پر پڑتی ہے۔
تحقیق کے مطابق جوہری دھماکے سے خارج ہونے والی طاقتور ایکس ریز سیارچوں کی سطح کو شدید گرم کر سکتی ہیں جس کے نتیجے میں سطح سے مواد خارج ہو سکتا ہے اور پیدا ہونے والا دباؤ شہابیے کو دھکیل کر اس کا راستہ تبدیل کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر سیمولیشنز میں عموماً شہابیوں کو ہموار اور گول شکل میں فرض کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت میں ان کی سطح ناہموار اور ساخت بے قاعدہ ہوتی ہے۔ یہی خصوصیات تابکاری کے اثرات اور شہابیے کی حرکت میں نمایاں فرق پیدا کر سکتی ہیں۔
تحقیقی جریدے آئی کارس میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہی سیارچے کو مختلف سمتوں سے ایکس ریز کا نشانہ بنانے پر اس کی رفتار میں نمایاں فرق سامنے آیا۔
ایک سیمولیشن میں ایک سمت سے تابکاری پڑنے پر شہابیے کی رفتار میں 3.9 ملی میٹر فی سیکنڈ کی تبدیلی ریکارڈ کی گئی جبکہ دوسری سمت سے تابکاری دینے پر یہ تبدیلی صرف 0.8 ملی میٹر فی سیکنڈ رہی۔ یوں دونوں نتائج میں تقریباً پانچ گنا فرق دیکھا گیا۔
تحقیق کی قیادت کرنے والے سینڈیا نیشنل لیبارٹریز کے ماہرِ طبیعیات نیتھن مور کے مطابق سائنس دانوں کو توقع تھی کہ شہابیے کو نشانہ بنانے کی سمت اہمیت رکھے گی لیکن اس کے اثرات اتنے زیادہ ہوں گے، یہ بات ان کے لیے بھی حیران کن تھی۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج مستقبل میں زمین کو ممکنہ طور پر خطرناک شہابیوں کے تصادم سے محفوظ رکھنے کی حکمتِ عملی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

