اسلام آباد: ترکیہ میں کوپ 31 فورم کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے وزراء اور مندوبین نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے فورم میں عالمی گرین فریٹ کوریڈورز انیشی ایٹو سے خطاب کرتے ہوئے عالمی سپلائی چینز کو کاربن سے پاک اور پائیدار بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ باہم متضاد نہیں بلکہ ایک دوسرے کے مددگار ہیں۔ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کو ٹھوس اور سرحد پار عملی نتائج میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان چین، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک اہم علاقائی تجارتی پل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے قومی ریل پلان 2026 کے تحت مال برداری میں ریل کا حصہ 20 فیصد تک بڑھایا جائے گا، جبکہ شاہراہوں پر ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر 3 ہزار الیکٹرانک اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

