کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک بے مثال اور تاریخی کارنامہ ہے، جو پاکستان پیپلزپارٹی کے عوامی خدمت اور فلاحی ریاست کے وژن کا عملی ثبوت ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے مشکل ترین دور میں عالمی سطح پر پاکستان کے متاثرین کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا، ان کی مؤثر عالمی سفارت کاری کے نتیجے میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بین الاقوامی امداد کی فراہمی ممکن ہوئی۔حیات خان اچکزئی نے کہا کہ پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت، عوامی فلاح کے وژن اور متاثرین سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا عظیم الشان شاہکار ہے محدود وسائل اور سخت چیلنجز کے باوجود 10 لاکھ مکانات کی تعمیر اور فراہمی پاکستان پیپلزپارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیر کیے گئے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام منتقل کرنا ایک انقلابی اور جرات مندانہ فیصلہ ہے، جس سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواتین کو بااختیار بنانے کے خواب کو عملی تعبیر ملی ہے۔ اس اقدام نے لاکھوں متاثرہ خواتین کو معاشی خودمختاری، قانونی تحفظ اور عزتِ نفس فراہم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ محض گھروں کی تعمیر نہیں بلکہ لاکھوں متاثرہ خاندانوں کو ایک نیا، محفوظ اور باوقار مستقبل فراہم کرنے کی عملی کوشش ہے۔ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کو مایوسی سے نکال کر دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے اور قدرتی آفات کے بعد بحالی کا ایک جدید اور روشن ماڈل پیش کیا ہے۔حیات خان اچکزئی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی مظلوم، محروم اور پسماندہ طبقات کی حقیقی نمائندہ اور سہارا ہے، جبکہ سیلاب متاثرین سے کیا گیا ایک ایک وعدہ پورا کرکے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی گئی ہے۔

