پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو معاشی،تجارتی تعاون کی نئی جہتوں سے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،شہزادہ منصور ایم سعد آل سعود

گوادر(این این آئی)سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد نے چیئرمین سعودی پاکستانی بزنس کونسل شہزادہ منصور ایم سعد آل سعود کی سربراہی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں گوادر اور کراچی بندرگاہوں کی تجارتی استعداد، ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سعودی وفد کے سربراہ نے گوادر پورٹ کی تجارتی صلاحیتوں، بالخصوص کارگو سروسز، ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانس شپمنٹ اور انرجی ٹرمینلز کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جلد گوادر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی قبول کرلی۔ وفد میں سعودی پاکستانی بزنس کونسل کے وائس چیرمین الاشرفی عبدالعزیز اے، وائس چیئرمین العجلان ایم عبدالعزیز ایم اور دیگر اعلیٰ سطحی کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچنے پر سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور چیرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے وفد کا استقبال کیا۔ سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن خرم آغا نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے سعودی وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے سعودی کاروباری وفد کو گوادر بندرگاہ کی تجارتی اہمیت، آپریشنل صلاحیت اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر پورٹ کو خطے کی ایک اہم ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ بندرگاہ پر کنٹینرز کی ہینڈلنگ کے لیے طویل انتظار یا قطار کی ضرورت نہیں، جبکہ وسیع یارڈز اور جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے بتایا کہ گوادر پورٹ وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے ایک قریبی اور اہم تجارتی راستہ فراہم کرتی ہے۔ بندرگاہ پر 48 ہزار 278 مربع میٹر کے کنٹینر یارڈز، 400 ریفر کنٹینر پوائنٹس اور سالانہ 2 لاکھ ٹی ای یو کنٹینرز ہینڈل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ بندرگاہ کی گہرائی 12.5 میٹر ہے، جہاں 50 ہزار ڈی ڈبلیو ٹی تک کے جہاز لنگرانداز ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 30 روزہ مفت اسٹوریج اور خطے میں مسابقتی پورٹ چارجز کی سہولت بھی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے گوادر پورٹ کے آبنائے ہرمز سے باہر واقع ہونے کو بھی ایک اہم جغرافیائی اور تجارتی خصوصیت قرار دیا۔ چیرمین گوادر بندرگاہ نے مزید بتایا کہ گوادر میں 750 ایکڑ اراضی پر انرجی ٹرمینلز کے قیام کے وسیع امکانات موجود ہیں، جہاں ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمد، ذخیرہ کرنے، ری گیسیفکیشن اور ایل این جی کی برآمد کے منصوبے شروع کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ پر بنکرنگ کی سرگرمیاں پہلے ہی جاری ہیں۔ بریفنگ میں حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور متبادل بحری تجارتی راستوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ چیرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے بھی سعودی وفد کو کراچی پورٹ کی عالمی حیثیت، جدید انفراسٹرکچر، ڈریجنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور قومی شاہراہوں و ریلوے نیٹ ورک سے رابطوں کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے گرین پورٹ منصوبوں، مینگرووز کی بحالی، صاف توانائی کے استعمال اور مینوڑہ شپ یارڈ کی بحالی کے ذریعے جہازوں کی تعمیر و مرمت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی توانائی کی درآمدات اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے تناظر میں متبادل تجارتی و توانائی راستوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بریفنگ کے بعد سعودی وفد کے سربراہ شہزادہ منصور ایم سعد آل سعود نے پاکستان کی بندرگاہوں کی تجارتی و جغرافیائی اہمیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو معاشی اور تجارتی تعاون کی نئی جہتوں سے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بالخصوص گوادر پورٹ کی کارگو سروسز، ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانس شپمنٹ اور مجوزہ ایل این جی و ایل پی جی انرجی ٹرمینلز کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے سعودی وفد کے سربراہ اور دیگر اراکین کو گوادر پورٹ کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی، جسے شہزادہ منصور آل سعود نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ بہت جلد گوادر کا دورہ کریں گے اور وہاں بندرگاہ کی تجارتی و آپریشنل صلاحیتوں، کارگو سروسز اور سرمایہ کاری کے امکانات کا خود جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت اور خطے میں تجارتی رابطوں کے فروغ کی صلاحیت قابلِ توجہ ہے، جبکہ وہاں کاروباری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔شہزادہ منصور آل سعود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط کو فروغ دے کر باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔ سعودی وفد کی جانب سے گوادر کے مجوزہ دورے کی دعوت قبول کرنا بندرگاہ میں سعودی کاروباری دلچسپی اور پاکستان سعودی تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں