کوئٹہ(این این آئی)وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار عبدالقیوم کے بچوں کا 8 ماہ سے بلاک شدہ ب فارم کھلوا دیا گیا۔درخواست گزار عبدالقیوم نے بتایا کہ ان کے بچوں کا ب فارم 8 ماہ سے نادرا کی جانب سے بغیر کسی وجہ کے بلاک کر دیا گیا تھا۔جس کی بحالی کے لیے انہوں نے متعدد بار متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا اور کمیٹی کے روبرو پیش ہوا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔لہذا، انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف درخواست دائر کی درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کے بچوں کا بلاک شدہ ب فارم فوری طور پر بحال کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کے بچوں کا بلاک شدہ ب فارم بحال کر دیا۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

