ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں صوبائیت اور لسانیت کے نعرے کے بھیانک نتا ئج ہو ں گے،حاجی غلام فاروق خلجی

کوئٹہ(این این آئی)ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف حاجی غلام فاروق خلجی،سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FPCCI)انجینئر دارو خان اچکزئی،چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے پیٹرن انچیف ولی خان نورزئی و دیگرنے فیڈریشن آف پا کستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FPCCI) کے انتخابات میں یو نائیٹڈ بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار ایس ایم تنویر کی حمایت کا اعلان کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں صوبائیت اور لسانیت کے نعرے کے بھیانک نتا ئج ہو ں گے،بلوچستان کی بزنس کمیونٹی بیک زبان ایس ایم تنویر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان کے مختلف چیمبرز کو بوگس قرار دینے پر تشویش کا اظہار کرتی ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ فیڈریشن کے انتخابات کے متعلق ایکٹ میں ترمیم کرکے بلوچستان اور خیبر پشتونخواہ کے ٹینور کو پنجاب اور سندھ کے برابر کیا جائے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کیلئے ہم ایس ایم تنویر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے یہ واضح کرتے ہیں کہ ایس ایم تنویر کا فیڈریشن کے انتخابات میں حصہ لینا ہمارا ہی مطالبہ تھا مگر اب نہ صرف بلوچستان کے مختلف چیمبرز کو بوگس قرار دیا جا رہا ہے بلکہ صوبائیت اور لسانیت کے بھی نعرے لگائے جا رہے ہیں جس کے نتائج انتہائی بھیانک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویر کے والد نے باقاعدہ طور پر کراچی سے کاروبار کا آغاز کیا تھا بلکہ وہ کراچی چیمبر کے عہدیدار بھی رہ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سیف اللہ پراچہ اور دتو صاحب کے فیڈریشن میں بلوچستان کی نمائندگی پر فخر ہے بلکہ ہمیں لسبیلہ چیمبر و دیگر کی جانب سے بھی صوبے کی نمائندگی پر فخر رہا ہے اگر چہ ہمارے اختلافات بھی رہے ہیں ہم کہتے ہیں کہ صوبائیت اور لسانیت کے نعرے لگانے کی بجائے ملک اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کو بنیاد بنا کر فیڈریشن کا انتخاب لڑا جائے تو بہتر ہو گا۔ ایس ایم تنویر کی حمایت بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کا متفقہ فیصلہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ ایس ایم تنویر کامیاب ہو کر بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں بزنس کمیونٹی مشکلات سے دوچار ہیں بارڈرز بند ہیں اور امن و امان کی مخدوش صورتحال نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے ایسے میں صوبے کے چیمبرز کو ناحق بوگس قرار دینا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے الیکشن میں پنجاب اور سندھ کے دو دوسال جبکہ بلوچستان اور خیبر پشتونخواہ کا ایک ایک سال ٹینیور ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس بابت ایکٹ میں ترمیم کر کے بلوچستان اور کے پی کو بھی پنجاب اور سندھ کے برابر ٹینور دء یے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں اور اداروں سے امید ہے کہ وہ چیمبرز کو بوگس قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے ہمیں انصاف دلائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان اور ہمسائیہ ممالک سیاست،تجارت،معیشت اور سیکورٹی کے معاملات کو ایک دوسرے سے الگ کیا جائے بلوچستان ایک ٹریڈنگ پراونس ہے ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بند بارڈرز کھولنا بھی ہمارا مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبیر موتی والا معصوم شخص ہے جسے الیکشن میں سامنا نہ کر سکنے والوں نے الیکشن میں گھسیٹا ہم بلوچستان کا مقدمہ فیڈریشن کے توسط سے لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کیلئے امن ضروری ہے جس کیلئے حکومت اور ادارے کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں