بلوچستان کے لیے وفاقی کوٹے میں 5 ہزار سے زائد ملازمتوں کا اعلان نیشنل پارٹی کی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے، سعد دہوار

کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سوشل میڈیا سعد دہوار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے لیے وفاقی محکموں میں کوٹے کے تحت 5 ہزار سے زائد ملازمتوں کا اعلان اور اس کے علاوہ ہزاروں دیگر ملازمتوں کا اعلان، پارٹی قائد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں پارٹی کے اعلیٰ سطح وفد کی وزیر اعظم پاکستان اور دیگر ذمہ دار اداروں سے ہونے والی مسلسل اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ثمر ہے۔سعد دہوار نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے شروع دن سے بلوچستان کے نوجوانوں کے وفاقی ملازمتوں میں جائز حق، کوٹے پر مکمل عملدرآمد اور خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں کا معاملہ ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر جان محمد بلیدی نے سینیٹ کی ڈیولوشن کمیٹی میں اس معاملے کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا، متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے اعداد و شمار طلب کیے اور بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے کی نشاندہی کی، جس کے نتیجے میں وفاقی حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہونا پڑا۔سعد دہوار نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد نے وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں واضح موقف اختیار کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو محرومی سے نکالنے کے لیے صرف اعلانات کافی نہیں، بلکہ شفاف، میرٹ پر مبنی اور جلد بھرتیوں کا عمل یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اس معاملے کی مکمل نگرانی جاری رکھے گی اور اس کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ اعلان کردہ ملازمتیں بلوچستان کے مستحق نوجوانوں تک پہنچائی جائیں، بھرتیوں کے عمل میں وزراء کی اثر اندازی اور مداخلت کو روکا جائے تاکہ حق حقدار کو میرٹ پر ملے، اور کسی قسم کی تاخیر یا بدعنوانی کی گنجائش نہ رہے۔سعد دہوار نے مطالبہ کیا کہ آن لائن اپلیکیشن میں غیر ضروری طور پر طویل تجربے کے سرٹیفکیٹس کی شرط ختم کی جائے، کیونکہ بلوچستان میں بے روزگار ہزاروں گریجویٹس کے پاس سکلز سیکھنے کے مواقع نہ ہونے کے برابر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مطلوبہ تجربے کی شرط پر اکثر نوجوانوں کو دشواری پیش آتی ہے۔سعد دہوار نے اس کامیابی کو بلوچستان کے نوجوانوں کی کامیابی قرار دیتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے حقوق، روزگار، تعلیم اور ترقی کے لیے نیشنل پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں