کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بند گلی میں پھنس چکی ہے حکمران سیاسی مخالفین کا مقابلہ سیاسی میدان میں کرنے کے بجائے کرائے کے لوگوں کے ذریعے جمعیت علماء اسلام کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایسے تمام حربے اور منصوبے ناکام ہوں گے۔ جمعیت علماء اسلام ایک نظریاتی، منظم اور عوامی جماعت ہے، جس کی بنیادیں دینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر قائم ہیں، اسے دباؤ، دھمکیوں، گرفتاریوں یا مصنوعی سیاسی کرداروں کے ذریعے کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس ملک اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی واضح وڑن اور جامع منصوبہ بندی موجود نہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ملک مسلسل معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور سیاسی بے یقینی کا شکار ہے، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مشکلات کے نئے پہاڑ کھڑے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اقدامات اور جمہوری روایات سے انحراف نے ملک کے سیاسی نظام کو عدم استحکام سے دوچار کر رکھا ہے، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کے اختیار اور عوام کے جمہوری حقِ حکمرانی کو تسلیم کیے بغیر ملک کو درپیش مسائل حل نہیں کیے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرحدوں کی بندش اور تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں نے ہزاروں خاندانوں کے روزگار کو متاثر کیا ہے، چھوٹے تاجروں، مزدوروں، ٹرانسپورٹرز اور سرحدی آبادیوں کی معاشی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سرحدی تجارت کے لیے مؤثر اور مستقل پالیسی تشکیل دینے کی بجائے پتہ نہیں کس کے کہنے اور اشاروں پر عوام اور مقامی آبادی کا معاشی استحصال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں آئین کی حکمرانی، پارلیمانی بالادستی، جمہوری اقدار، دینی تشخص اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ جمعیت کو پرامن جہدوجہد کی راہ سے ہٹاکر تشدد کی راہ پر ڈالنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جماعت کی قیادت اور کارکن ہر قسم کے سیاسی دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے۔

