کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کی تجاوزات کے خلاف کارروائی،10دکانیں سیل

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں میونسپل مجسٹریٹ عامر قیصرانی کی سربراہی میں جبکہ سپروائزر عبدالحق بلوچ اور سپروائزر سرور زہری کی نگرانی میں منی مارکیٹ، تارو چوک اور پشتون آباد سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور تجاوزات قائم کرنے والوں کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔دوسری جانب جناح روڈ عبداللہ پال اسٹریٹ اور غوث آباد میں عوامی شکایات پر کارروائیاں کی گئیں، جبکہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں متعلقہ اداروں کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ اسی طرح مٹھا خان چوک اور قدوس روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 دکانیں سیل کر دی گئیں۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ نے واضح کیا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور شہریوں کے لیے آمدورفت کے حوالے سے بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ سرکاری اراضی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں