ٹیکسٹائل برآمدات میں 6.23 فیصد اضافہ ملکی معیشت کیلئے حوصلہ افزا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں سخت مسابقت اور معاشی دباؤ کے باوجود اکتوبر 2026ء میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کا 1.721 ارب ڈالر تک پہنچنا خوش آئند ہے۔ سالانہ بنیادوں پر 6.23 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 0.70 فیصد اضافہ پاکستانی صنعت کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ستمبر 2026ء میں ٹیکسٹائل برآمدات 1.709 ارب ڈالر اور اکتوبر 2025ء میں 1.620 ارب ڈالر تھیں اس طرح اکتوبر 2026ء میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 101 ملین ڈالر جبکہ ستمبر کے مقابلے میں 12 ملین ڈالر زیادہ برآمدات ہوئیں۔ جولائی تا اکتوبر مالی سال2026-27کے دوران بھی ٹیکسٹائل برآمدات میں 5.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ 6.23 فیصد سالانہ اضافے کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے تیار ملبوسات، ہوزری، ڈینم، بیڈ شیٹس اور تولیوں جیسی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداوار اور برآمدات بڑھانا ضروری ہے۔ اس سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کرنے، روزگار پیدا کرنے اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت بجلی اور گیس کی پیداواری لاگت میں کمی، ٹیکس پالیسی میں تسلسل، بروقت ریفنڈز، کم شرح سود اور برآمد کنندگان کو آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنائے۔ جدید ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی پر بھی توجہ دی جائے تاکہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں حاصل ہونے والے 5.47 فیصد اضافے کو آنے والے مہینوں میں مزید بہتر بنایا جا سکے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت کم ترقی یافتہ علاقوں میں فنی تربیت اور ملبوسات سازی کے مواقع بڑھائے جائیں۔ حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ حکمت عملی سے ٹیکسٹائل برآمدات میں یہ اضافہ تجارتی خسارہ کم کرنے اور پاکستان کی معاشی خودمختاری مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں