رواں مالی سال کے اختتام پر 45 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر آنے کا تخمینہ ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر 45 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر آنے کا تخمینہ ہے۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں گرین پیک انٹرنیشنل اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ری-سیٹ 2.0، ریٹیل بینکنگ اینڈ اسمال بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اوورسیز کیلئے کوئی بہتر پراڈکٹ نہ ہونے سے ترسیلات کو ریئل اسٹیٹ اور دیگر سیکٹرز میں انویسٹ کردیا جاتا ہے بینکوں کو اس حوالے سے بھی توجہ دینا ہوگی، ٹیکنالوجی کے اس وقت کئی پلیٹ فارمز ہمارے پاس موجود ہیں جو امید کی کرن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بینکاری شعبے میں گزشتہ 5 سال میں زبردست نمو ہوئی ہے تاہم اب بھی متعدد مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں حقیقی جی ڈی پی نمو میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، زراعت جیسے شعبے میں تاحال 2.5فیصد سے زائد نمو نہیں ہو پارہی۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں ہم میکرو اکنامک استحکام حاصل کرچکے ہیں، اس استحکام کی قیمت ہم نے کم جی ڈی پی نمو اور بلند بے روزگاری کے ساتھ چکائی، گزشتہ چار سالوں کی جی ڈی پی نمو اوسطاً 2.1 فیصد کی معمولی شرح پر رہی۔

انہوں نے کہا کہ تاہم اس میکرو اکنامک استحکام نے ہمیں معاشی نمو کی ایک بنیاد فراہم کر دی ہے، اب ہمیں حکمتِ عملی وضع کرنے ہے جو اس میں مددگار ثابت ہوسکے، رواں مالی سال کے باقی ماندہ 8 ماہ میں ایس ایم ایز کو مزید فروغ دینا ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں موجود 29 لاکھ ایس ایم ایز کو قرضہ نہیں مل پا رہا، ہمارا مدعا یہ ہے کہ زراعت اور چھوٹے کاروباروں پر توجہ دیں، نئے بینکاری پروڈکٹ خود بخود نکلیں گے، کوئی کاروبار تبھی نمو حاصل کر سکتا ہے جب اس کا گاہک نمو حاصل کرے۔

انہوں نے کہا کہ بینک منافع ضرور کمائیں لیکن یہ منافع صرف کسٹمرز کے بل بوتے پر نہیں کمایا جائے، بینکوں کو کرنٹ اکاؤنٹ سے آگے بڑھ کر ایسے پراڈکٹ متعارف کرنے ہوں گے جو کسٹمرز کو ویلیو فراہم کریں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ سبزواری نے کہا کہ جین زی کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے والدین روک رہے ہیں، والدین سے گزارش ہے کہ خدارا جین زی کو سرمایہ کاری کرنے دیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اوسط ماہانہ اکاؤنٹس 25 ہزار تک کھلوائے جا رہے ہیں، گزشتہ سال اوسطاً 5 ہزار اکاؤنٹس ماہانہ کھلوائے جاتے تھے

انہوں نے کہا کہ جین زی کے والدین نے 1998 اور 2008 کے مالیاتی بحران میں خسارہ جھیلا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سہولت اکاؤنٹ 7 منٹ میں کھل جاتا ہے، اس میں دستاویزی خطرات نہیں، عمومی اکاؤنٹ میں اے ایم ایل اور کے وائے سی کے مسائل درپیش ہوتے ہیں، تاہم ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ اس حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

بینک الفلاح کے صدر و سی ای او عاطف باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال قبل بینکاری کا شعبہ کافی پیچھے تھا تاہم آج کے اعشاریے ترقی کا اشارہ کر رہے ہیں، جی ڈی پی نمو میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینکاری کے شعبے میں لالچ کا عنصر بڑھ گیا ہے، ہم پراڈکٹس تو متعدد متعارف کرواتے ہیں تاہم ہمارا مطمع نظر کسٹمر سے زیادہ اپنے نمبر اور منافع ہوتا ہے، آج کل کرنٹ اکاؤنٹس کافی منافع بخش ہیں لیکن کسٹمر کو کرنٹ اکاؤنٹ کھلوانے کا مشورہ دینے کا مطلب ہے کہ کسٹمر نہیں بینک پیسہ بنائے گا۔

عاطف باجوہ نے کہا کہ کئی مرتبہ ہم بات کرتے ہیں کہ اسلامی بینکوں کے مارجن روایتی بینکوں سے زیادہ کیوں ہیں، ایسے کئی معاملات ہیں جن کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی مشیر خزانہ برائے خصوصی اقدامات عدنان پاشا نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پائیدار معیشت کیلئے چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کو آسان قرضے ناگزیر ہیں جو یہاں نہیں ملتے، جب رسمی قرضے نہیں ملتے تو غیر رسمی قرضے لیے جاتے ہیں جس سے پائیدار نمو ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے زرخیزی پروگرام کے تحت ہر کسان بینک اکاؤنٹ ہولڈر بن چکا ہے، حکومت بینکوں کو نہ صرف رسک کم کرنے میں مدد بلکہ کاروبار کا ایک موقع فراہم کر رہی ہے، ہم سمیڈا سے بھی بات کر رہے ہیں کہ بینکوں اور ریگولیٹر کے ساتھ مل کر ایس ایم ایز کی مالی ضروریات پر کام کرے۔

عدنان پاشا نے کہا کہ ہم آئندہ سال زرخیزی 2.0 پروگرام کا آغاز کریں گے، بینکوں کو رسک شیئرنگ کرنا ہو گی، پراڈکٹ سے پراڈکٹیویٹی کی طرف جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم قرض تک رسائی پروگرام کا ہر ماہ جائزہ لیتے ہیں، پالیسی کا تسلسل ہی قرض تک رسائی میں بہتری لاسکے گا، زراعت میں ہمیں بینکوں کی مدد درکار ہے کہ ان کے قرضے 2 ہزار ارب روپے تک بڑھائے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں