کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے جمعرات کو پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے نو منتخب صوبائی صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی امور، تنظیمی سرگرمیوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے سردار عمر گورگیج کو صوبائی صدر منتخب ہونے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بلوچستان میں مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے پارٹی کارکنان سردار عمر گورگیج کی قیادت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچائیں گے۔مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ایک دیرینہ جیالے اور منجھے ہوئے سیاستدان کو صوبائی صدر منتخب کرکے کارکنان کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی قیادت میں سردار عمر گورگیج کے ہاتھ مضبوط کرے گی تاکہ پارٹی کو صوبے میں مزید تقویت دی جا سکے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں پارٹی کو درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔

