کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کے حل کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ 38ویں روز بھی جاری رہا۔احتجاجی کیمپ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بلوچستان کمیونٹی اسکولزٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر امین اللہ خان میانی نے کہا ہے کہ کمیونٹی اساتذہ کے دو جائز مطالبات ہیں جن میں ایک تنخواہوں میں فوری طور پراضافہ اور دوسرا براہ راست بی ایف سے معاہدہ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی اساتذہ کا معاہدہ والدین کمیٹی کی بجائے براہ راست بی ای ایف کے ساتھ کیا جائے ہمیں والدین تعلیمی کمیٹی کے ساتھ اساتذہ کا معاہدہ کسی بھی صورت قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج پربیٹھے 38دن مکمل ہوچکے ہیں مگر تاحال حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان،وزیرتعلیم وزیر خزانہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے جائز مطالبات کو فوری طورپر حل کیا جائے جب تک ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہمارا احتجاجی کیمپ جاری رہے گا۔

