صحبت پور (نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے کوئٹہ کے علاقے جبل نور کے قریب دہشت گردوں کے بم حملے میں پاک فوج کے افسر میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت پر دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ میجر انور کاکڑ وطن کے محافظ اور بہادر سپوت تھے جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں، مگر ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہماری بہادر افواج اور قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جن کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن و امان قائم ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک شہید میجر محمد انور کاکڑ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، اور وطن عزیز کو دہشت گردی کے ناسور سے جلد نجات عطا کرے۔

