بلوچستان کے بہادر سپوت اپنے خون سے وطن کا دفاع کر رہے ہیں، میر علی حسن زہری

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر برائے زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے گزشتہ روز، میجر محمد انور کاکڑ شہید پر بزدلانہ و دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس دل دہلا دینے والے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عظیم بیٹے مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع، امن و امان کی بحالی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایسے بہادر افسران کی شہادتیں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، جنہیں تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔میر علی حسن زہری نے اس حملے کو بھارت کی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کی کھلی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے بلوچ حقوق کے نام پر دہشت گردی کرنے والے لوگ کبھی بھی بلوچستان یا بلوچ قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ یہ لوگ صرف اور صرف بیرون ملک بیٹھے ہوئے ناکام اور بزدل بلوچ دشمن لیڈرز اور بھارت کے ایماء پر بلوچستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں تاکہ دشمن اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ دشمنوں کی پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور فتنہ الہندوستان کے پالتو دہشت گرد اپنے منطقی انجام کو جلد پہنچیں گے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ سچے بلوچ محب وطن ہیں صرف چند ناعاقبت اندیش لوگ اپنے آقاؤں کی ایماء پر بلوچستان میں اس طرح کے بزدلانہ حملے کر کے بلوچ قوم کو بدنام کر رہے ہیں۔ سچے اور محب وطن بلوچ آج بھی وطن سے محبت کرتے ہیں اور بھارتی پالتو لوگوں کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان کے غیور اور وطن سے محبت کرنے والے لوگ پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر بیرونی اور اندرونی دشمنوں کے عزائم کو خاکستر کر کے انہیں جلد جہنم واصل کریں گے اورپورے ملک خصوصاً بلوچستان سے دہشت گردی کے واقعات کے درپردہ چند ناپاک عناصر کی جانب سے پیدا کردہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے گے اور بلوچستان کو امن کا گہوار بنا کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنی ناپاک سازشوں کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے، مگر ہماری سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے فولادی حوصلے ان سازشوں کو ہمیشہ ناکام بناتے آئے ہیں اور آئندہ بھی بناتے رہیں گے۔ دشمن کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلکہ ہمیں اور زیادہ پرعزم اور متحد کرتے ہیں۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان افسران اور سپاہی اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کی سالمیت کا دفاع کر رہے ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم ان کے لہو کی ایک ایک بوند کی مقروض ہے اور ان شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد حکومتِ پاکستان اور عسکری ادارے میجر محمد انور کاکڑ شہید کے قتل میں ملوث عناصر کوگرفتار کر کے ان کے منطقی انجام یعنی جہنم میں پہنچا دیں گے۔ انہوں نے شہید کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے اور ان کے اس عظیم بیٹے کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔میر علی حسن زہری نے نوجوانوں، خاص طور پر بلوچستان کے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں اور دشمن کی تمام چالوں کو باہمی اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں