گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات

کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی. ملاقات کے دوران دونوں برادر اسلامی ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات اور خطے میں رونما ہونے والی معاشی و سیاسی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دوستی اور خوشگوار تعلقات پورے خطے میں دیرپا امن پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کا پاکستان سے خصوصی تعاون رہا ہے. انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئٹہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کچھ عرصہ پہلے براہ راست عمرہ پروازوں کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے نتیجے میں حجاج کرام اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کو ہوائی سفر کے دوران آسانیاں پیدا ہوئیں. بلاشبہ براہ راست پروازوں کے اقدامات سے بلوچستان کے عوام کو بھی بڑی سہولت میسر آئی ہے. پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نے بلوچستان کے عوام کو کوئٹہ سے ڈائریکٹ سعودی عرب جانے کی سہولت فراہم کرنے پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کی ذاتی کوششوں کو سراہا اور گورنر بلوچستان کو سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی عرب آنے کی دعوت دی.

اپنا تبصرہ بھیجیں