مٹیاری+کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو ایک روزہ دورے پر سندھ کے ضلع مٹیاری پہنچے جہاں انہوں نے صوفی شاعر اور عظیم روحانی شخصیت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کی تقریبات میں شرکت کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے درگاہ پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ بلوچستان کے صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور سیاسی رہنماء میر ساجد دشتی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ ایچ ٹی سورلی ہال میں منعقدہ لطیف ادبی کانفرنس میں شریک ہوئے کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر ثقافت سندھ نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کی زندگی، شاعری اور افکار پر لکھی گئی مختلف کتب کی رونمائی کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کا پیغام محبت، امن، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی ہے جو آج کے دور میں ہماری معاشرتی اور قومی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ شاہ لطیف بھٹائی کی شاعری عوامی شعور، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا سرچشمہ ہے، اور ان کے افکار نسل در نسل رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادب اور ثقافت کسی بھی معاشرے کی ترقی اور بقا کے ضامن ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے ثقافتی اور ادبی میلوں سے نہ صرف بھائی چارہ فروغ پاتا ہے بلکہ قومی یکجہتی کو بھی تقویت ملتی ہے تقریب میں آمد پر سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور دیگر مقررین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بین الصوبائی ہم آہنگی کے لئے اہم پیش رفت قرار دیا

