وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک پر ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کا مظہر ہے، جس پر وہ سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی ایک اہم کامیابی ہے، جبکہ خضدار میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے تدارک کی جانب اہم پیش رفت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں اور حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر بلوچستان کے امن اور عوام کے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ وڑن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائی ضروری ہے۔ حکومت بلوچستان امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں