بلوچستان کے تین اضلاع میں مجموعی طور پر8 دہشتگردوں کا خاتمہ اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی دہشتگردی کے خلاف اہم کامیابیاں ہیں،بابر یوسفزئی

کوئٹہ(این این آئی) معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں اضلاع میں مجموعی طور پر 8 دہشت گردوں کا خاتمہ اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں ہیں۔اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے مقامی ٹریفک کی روانی روکنے کے لیے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بروقت کارروائی میں بھارت کے حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔بابر یوسفزئی کے مطابق خضدار میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں بھارت کا حمایت یافتہ ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔معاون برائے محکمہ داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ان اداروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں صوبے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں، جبکہ ممکنہ طور پر علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رکھنا بھی ضروری ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔ عزمِ استحکام کے وڑن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں پوری قوت سے جاری رہنی چاہئیں اور پاکستان سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ریاست دشمن عناصر کو عوام کے امن، ترقی اور معمولاتِ زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں