کوئٹہ(این این آئی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر محمد عبدالقادر نے عالمی ہنگر انڈیکس سے متعلق تازہ خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھوک اور غذائی قلت کا خاتمہ قومی ترجیح ہونا چاہیے۔ معاشی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر خاندان کو مناسب قیمت پر معیاری خوراک دستیاب ہو۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی صلاحیت اور محنتی کسانوں کی موجودگی بہتری کی مضبوط بنیاد ہے۔ کسانوں کو بروقت سہولتیں، پانی کے مؤثر استعمال، خوراک کے محفوظ ذخیرے اور منڈیوں تک بہتر رسائی کے ذریعے غذائی تحفظ میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ حکومت کے سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بناتے ہوئے مستحق خاندانوں، بچوں اور حاملہ خواتین کی غذائی ضروریات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقوں میں غذائی معاونت، صاف پانی اور بنیادی صحت کی سہولتوں کو مربوط انداز میں فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ وفاق اور صوبے غذائی قلت میں کمی کے واضح اہداف مقرر کریں اور پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیں۔ حکومت، نجی شعبے اور فلاحی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے اس چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ صحت مند بچے ہی پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہیں۔

