کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت شہر میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ، محکمہ خوراک اور محکمہ صنعت کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں آٹے کی حالیہ قیمتوں، مارکیٹ کی صورتحال اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام تر تجزیے اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ خوراک ہر ہفتے آٹے کا سرکاری نرخنامہ جاری کرے گا، جس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہفتہ وار جاری ہونے والے سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

